ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / بارہمولہ میں فوج، بی ایس ایف کے کیمپوں پر حملے میں 2 دہشت گرد ڈھیر، بی ایس ایف کا 1 جوان شہید

بارہمولہ میں فوج، بی ایس ایف کے کیمپوں پر حملے میں 2 دہشت گرد ڈھیر، بی ایس ایف کا 1 جوان شہید

Mon, 03 Oct 2016 20:27:58    S.O. News Service

سری نگر ، 3 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )جموں و کشمیر کے بارہمولہ میں متصل فوج اور بی ایس ایف کے کیمپوں پر دہشت گردوں کے حملے اور اس کے بعد ہوئے تصادم میں کم از کم 2 دہشت گرد مارے گئے۔اس دوران بی ایس ایف کا ایک جوان بھی شہید اورایک دوسرا جوان زخمی ہو گیا۔بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے کل رات نیشنل رائفلس اور بارڈر سیکورٹی فورس کے دو کیمپوں پر حملہ کردیا تھا جس کے بعد سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید تصادم ہوا۔وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے نئی دہلی میں بتایا کہ اس تصادم میں فورسز نے دو دہشت گردوں کو ڈھیر کر دیاہے جبکہ گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے بی ایس ایف کے ایک جوان نے بعد میں دم توڑ دیا۔حکام نے بتایا کہ شہید ہوئے جوان کی شناخت کانسٹیبل نتن کے طور پر کی گئی ہے اور زخمی ہوئے ایک دوسرے جوان کی شناخت کانسٹیبل پلوندر کے طور پر ہوئی ہے۔دونوں بارڈر سیکورٹی فورس کی 40ویں بٹالین کے جوان تھے۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے اس واقعہ پر تبادلہ خیال کیا اور فورسز کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔سنگھ نے بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما سے بھی بات کی اور ان سے زخمی نوجوان کو تمام ممکنہ علاج مہیا کرانے کو کہا۔ہندوستانی فوج نے پاک مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد وں کے ٹھکانوں پر گزشتہ ہفتے سرجیکل حملہ کیا تھا جس کے بعد دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر یہ پہلا بڑا حملہ کیا ہے۔یہ حملہ اس خفیہ اطلاع کے باوجود ہوا ہے کہ 29؍ستمبر کو پاک مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کے سرجیکل حملے کے بعد جموں و کشمیر میں سیکورٹی اداروں پر دہشت گردانہ حملہ ہو سکتا ہے۔یہ حملہ یہاں سے 102کلومیٹر دور واقع اڑ ی میں فوج کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے 15دنوں بعد ہوا ہے۔اڑ ی حملے میں 19فوجی شہید ہوئے تھے۔


Share: